محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات اور عزاداروں پر مقدمات کےخلاف ،ایم ڈبلیوایم کےوفدکی آئی جی پولیس پنجاب سے خصوصی ملاقات

19 جون 2021

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے 9 رکنی وفد نے آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی سے سی پی او میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شیعہ علماء نے آئی جی پنجاب کو آمدِ محرم پر مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی، عزاداروں کے خلاف بلاجواز مقدمات سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کے سربراہ اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے مسائل سننے اور ان کے ازالے کیلئے فوری ہدایات جاری کرنے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ ہر ممکن تعاون اور سپورٹ فراہم کی ہے۔

علامہ حسن رضا ہمدانی نے امام بارگاہوں اور مساجد کی سکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس کے تعاون کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹیمیں جس فرض شناسی کیساتھ اپنے فرائض ادا کرتی ہیں، اس پر وہ پوری کمیونٹی کی جانب سے پنجاب پولیس کے شکر گزار ہیں۔ دوران ملاقات علمائے کرام نے گزشتہ جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں افسر رضا خان، علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت 9 علمائے کرام شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان بھی موجود تھے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے علمائے کرام کا باہمی تعاون اور مذہبی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے، چنانچہ تمام مکاتب فکر کے علماء کیساتھ ساتھ شہریوں کو بھی ملکی سالمیت اور سماجی امن و اتحاد کیلئے اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا اور ہمیں بحیثیت قوم خود میں برداشت اور درگزر کو مزید بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں امام بارگاہوں اور مساجد کی سکیورٹی کے فرائض جانفشانی اور مکمل ذمہ داری کیساتھ ادا کر رہی ہیں۔

آئی جی نے کہا شیعہ کمیونٹی کو درپیش مسائل کا حل مستقبل میں بھی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں اہل تشیع عمائدین کیساتھ کلوز کوآرڈینیشن رکھیں، تاکہ مقدس ایام کے دوران سکیورٹی کے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جا سکیں اور ساتھ ہی ساتھ شیعہ کمیونٹی کے مسائل اور شکایات کے ازالے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree