وحدت نیوز (جوہرآباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے طالبان کے ساتھ شروع کیا جانیوالا مذاکراتی عمل دہشت گردوں کو طاقتور اور ریاست کو کمزور بنانے کی سنگین سازش کا حصہ ہے ، حکومت کی طالبان نواز پالیسیوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین،سنی اتحاد کونسل،وائس آف شہداء اور تحریک منہاج القرآن سمیت ملک کی بارہ سیاسی جماعتیں محب وطن کونسل کے عنوان سے مشترکہ تحریک چلا ئیں گی، ہم انشاء اللہ دہش گردوں کے خلاف شروع ہونیوالی اس جنگ میں عوامی طاقت کے ذریعے ظفر یاب ہونگے ، انہوں نے ان خیالات کا اظہار دورہ جوہرآباد کے دوران شالیمار ہوٹل میں منعقدہ پر ہجوم پریس کانفرنس میں کیا ، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی راہنما ملک غلام شبیر جوئیہ اور ایم ڈبلیو ایم کے مقامی قائدین بھی موجود تھے ، سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ موجودہ مذاکراتی عمل میں طالبان کے ساتھ ہی مذاکرات ہوں گے ، کیونکہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانیوالی مذاکراتی کمیٹی میں پاکستانی عوام کا کوئی حقیقی نمائندہ شامل نہیں ہے ، وزیر داخلہ پاکستان خود طالبان کے سب سے بڑئے ترجمان ہیں، مسلم لیگ کی حکومت دہشت گردوں سے خوفزدہ ہے اور انہی کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ، سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ مذاکراتی عمل شروع ہونے کے باوجود وطن عزیز میں قتل و غارتگری ، بم دھماکوں اور فورسز پر ہونیوالے حملوں کا نہ رکنے والا سلسلہ ظاہر کرتا ہے کہ طالبان اپنی مذموم کاروائیوں کو روکنے میں مخلص نہیں، چاہیے تو تھا کہ قتل و غارت کی ان سنگین وارداتوں کے بعد حکمران ان سفاک قاتلوں پر بھروسہ کرنے کی بجائے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے لیکن سب کچھ جاننے کے باوجود حکمرانوں کی سوئی مذاکرات پر اٹکی ہوئی ہے ، حکمرانوں کا یہ طرز عمل آئین پاکستان اور پچاس ہزار شہداء کے خون کے ساتھ غداری کے متراد ف ہے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی پولٹیکل سیکرٹری نے کہا کہ نو ستمبر کو آ ل پارٹیز کانفرنس میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ ہوا جس کا جواب دہشت گردوں نے آرمی کے دو اعلیٰ افسران کی لاشوں کی شکل میں دیا اور اس کے بعد قتل و غارت اور خونریزی اک ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا ، اور اب مذاکراتی عمل شروع ہونے کے بعد بھی دہشت گردوں کی جانب سے کوئی مثبت جواب ملنے کی بجائے لاشوں پر لاشیں مل رہی ہیں ، ان حالات میں حکومت کی پالیسیوں پر انحصار کرنے کی بجائے عوام کو دہشت گردوں کے مد مقابل کھڑا کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تما م وطن دوست جماعتیں ایم ڈ بلیو ایم کے ایجنڈے سے متفق ہیں اور انشاء اللہ محب وطن کونسل کے عنوان سے شروع ہونیوالی عوامی تحریک نتیجہ خیز ثابت ہو گی ۔