Print this page

پوری قوم مصیبت کی اس گھڑی میں بلوچستان کے زلزلہ متاثرہ خاندانوں کےساتھ کھڑی ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

07 اکتوبر 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ہونے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آفات ناگہانی اللہ تعالیٰ کی طرف سے کڑی آزمائشیں ہیں۔ہماری قوم کو بارہا ایسی آزمائشوں سے گزرنا پڑا تاہم قوم نے ہمیشہ بھرپور حوصلہ مندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملبے تلے دبے افراد کی جان بچانے کے لیے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانا انتہائی ضروری ہے کسی قسم کی کوتاہی قیمتی جانی نقصان میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔حالیہ زلزلے کی لپٹ میں آنے والے گھرانوں میں اکثریت پسماندہ خاندانوں کی ہے۔زلزلے میں ہونے والے مالی نقصانات کا حکومت کو فوری  ازالہ کرنا چاہیے تاکہ متاثرین کو کسی اور سخت آزمائش کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی کے لیے خصوصی احکامات صادر کیے جائیں،انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ زلزلہ زدگان کے درد کو اپنا درد سمجھتے ہوئے ان کی مدد کے لیے قوم کے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree