Print this page

صاحبِ ثروت افراد کا فطرانہ اور زکوٰۃ سے سفید پوش طبقہ کی مالی امداد کرنا خوشنودی خدا کا باعث ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

19 اپریل 2023

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں مستحقین اور ضرورت مندوں کی دادرسی کرنا افضل ترین اعمال میں سے ایک ہے۔پاکستان کے غریب عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں ایسے میں صاحبِ ثروت افراد اسلامی اصولوں کے مطابق فطرانہ اور زکواۃ سے سفید پوش طبقہ کی مالی امداد کرکے خدا کی خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے حالیہ معاشی بحران میں عید کی خوشیوں میں مستحقین اور پریشان حال بھائیوں کا بطور خاص خیال رکھیں یہ ہم سب کا بطور مسلمان اور بحیثیت پاکستانی اخلاقی فریضہ ہے۔لہذاٰمعاشرے کے محروم طبقات کا احساس کرتے ہوئے مستحقین کی داد رسی سے انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہِ رمضان المبارک رب کریم کی طرف سے امت مسلمہ کے لیے خصوصی انعام ہے۔ہمیں نیک اعمال کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا شکر بجا لانا چاہئیے۔ماہِ صیام کی نیک ساعتوں میں اپنے نادار عزیز و اقربا اور ضرورت مندوں اور مستحقین کی داد رسی سے ذات کریم کا قرب حاصل کیا جا سکتا ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree