Print this page

چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے لانگ مارچ میں شرکت کی عمران خان کی دعوت قبول کرلی

29 اکتوبر 2022

وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ٹیلیفونک رابطہ، عمران خان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی خیریت دریافت کی ، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کوحقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کچھ دیر قبل چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو ٹیلیفون کرکے ان کی احوال پرسی کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کے ساتھ انہیں داخلی خودمختاری ، آزاد خارجہ پالیسی ، یکساں نظام انصاف، اور استعماری قوتوں سے حقیقی آزادی کیلئے لاہور سے اسلام آباد تک نکالے گئے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

ذرائع کے مطابق علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے احوال پرسی پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وطن کے استحکام اور استقلال کی خاطر بیرونی طاقتوں کی غلامی سے نجات کا حصول ہمارے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی کی دیرینہ آرزو تھی ۔ ہم اپنے قائد کے افکار ونظریات کی پیروی کرتے ہوئے وطن عزیز میں بیرونی مداخلت اور عدم استحکام کا راستہ روکنے کی ہر کوشش کا ساتھ دیں گے ۔

 علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عمران خان کی جانب سے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت کو قبول کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم آزاد خارجہ پالیسی ، داخلی خودمختاری اور ملک دشمن استعماری قوتوں کی غلامی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم حقیقی آزادی مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور انشاءاللہ بھرپور شرکت کریں گے ۔

واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو گرجانے کے سبب پاؤں میں چوٹ لگنے کی وجہ سے زخم آئے تھے آپ گذشتہ کئی روز سے علیل ہیں اور گھر ہی میں آرام فرما ہیں۔ عمران خان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جانب سے لانگ مارچ میں شرکت کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree