The Latest

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر جلوسوں میں بھرپور شرکت کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ ملتان کے جلوسوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے چوک دولت گیٹ پر ویلکم کیمپ لگائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، ثقلین نقوی، علی رضا بخاری اور جاوید حسین نقوی موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منائے گی۔ اس سلسلے میں جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں جشن عید میلاد النبی (ص) کی تقریبات منعقد ہوں گی، جس سے علمائے کرام اور نعت خواں خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں ملتان بھر میں اہلسنت کے جلوسوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ ان کی میزبانی بھی کی جائے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) شدید خطرات کے باوجود ملت پاکستان نے تاریخ کا عظیم جلوس میلاد النبی ﷺ نکالا، سلام پیش کرتا ہوں ان بیدار سنی شیعہ مسلمانوں کو جنہوں نے عشق رسول اکرم ﷺ کو والہانہ اظہار کیا ، دشمنان دین ،  ملک و ملت کی تمام تر سازشیں اور سرمایہ کاری آ ج خاک میں مل گی، شیعہ سنی وحدت و انسجام کے جس صفر کا آغاز ۵ جنوری کو اسلام آباد سے ہوا آج اس کا عملی مظاہرہ پورے ملک میں دیکھا گیا، خدا نے چاہا تووطن عزیز میں شیعہ سنی بھائی چارگی اور وحدت کے ثمرات سے پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل سے نجات حاصل ہو گی ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت ہائوس اسلام آبادسے جاری اپنے تہنتی پیغام میں کیا ۔

 

ان کاکہنا تھا کہ خدا کے فضل و کرم سے ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس بخیر وعافیت اختتام پذیر ہو ئے ، شدید خطرات کے باوجود ملک بھر میں سنی شیعہ عوام نے عشق رسول خداﷺ سے سرشار  ہوکر جلوس میلاد النبی میں شرکت کی ،ملت جعفریہ کی عید میلاد النبیﷺ کے اجتماعات میں شرکت غیر معمولی رہی ، اہل تشیع برادری گذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلی اور عملی طور پر جلوس ہائے میلاد النبی ﷺ میں اپنے اہل سنت بھائیوں کے شانہ بشانہ نظر آئی ، حکومت اور سکیورٹی اداروں نے بھی اپنے فرائض بحسن و خوبی انجاب دیئے ، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں ، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل نے جس محبت ، اخوت اور وحدت کے صفر کا آغاز اسلام آباد سے کیا تھا آج ملک بھر میں اسکی عملی تصویر ملاحظہ کی گئی، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو بچانے کے لئے اسے بنانے والی قوتیں یعنی اہل سنت و اہل تشیع کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں آپس کے اتحاد اور سیرت نبی کریم ﷺ پر عمل پیرا ہو کر دین مبین کی ترویج، دفاع ، سربلندی اور ملکی سلامتی کے لئے اپنا قومی کرار ادا کرنا ہو گا، پاکستان کو دہشت گردی اور لاقانونیت سے نجات دلانا تمام عاشقان و پیروان مصطفیٰ ﷺ کی دینی وشرعی فرض ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور کے ایک وفد نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عمران علی کی قیادت میں اندرونِ موچی دروازہ ، اہلسنت رہنماء جناب اشفاق احمد قادری جو مرکزی جلوس عید میلاد النبی کے لائسنسدار ہیں سے ملاقات کی ،ملاقات کا اہتمام سالارِ ماتمیان سید وسیم گردیزی نے کیا تھا ،، ملاقات میں عید ِ میلاد النبی کو ہمیشہ کی طرح شایانِ شان طریقے سے منانے پر ذور دیا گیا ، مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے بتایا کہ 12 ربیع الاول کو عیدِ میلاد النبی کے جلوسوں میں ملت تشیع کی بھرپور شرکت ہو گی جو پاکستان اور دین کے دشمنوں کی شکست کا باعث بنے گی ، اشفاق قادری صاحب نے بتایا کہ اس جلوس کے راستے میں ہمیشہ سے شیعہ برادران ہمارا استقبال کرتے ہیں ، سبیلیں لگاتے ہیں بھول بچھاور کرتے ہیں ، یہ خؤشی کائنات کی سب سے بڑی خوشی ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے راستے میں رنگ محل چوک پر مجلس وحدت کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا ، جہاں جلوس کا استقبال کیا جائے گا اور سبیل بھی ہو گی ،اس کے علاوہ اسلام پورہ کے جلوس میں بھی ہمارا کیمپ لگایا جائے گا۔ ملت تشیع اہلسنت برادران سے مل کر پاکستان کے دشمنوں کو شکست دے گی ۔ مذہبی رواداری اور اتحآد سے ہم اپنے دشمنوں کو شکست دیں گے۔
تنظیمِ ماتمیان کے سربراہ سید وسیم گردیزی نے بتایا کہ ہمارے بزرگان کے زمانے سے آپس میں گہرے تعلقات ہیں ، علاقے میں شیعہ اور سنی ایک ہو کر رہتے ہیں ، اور انشاء اللہ ہم اسی اتحاد کی فضا ء کو قائم رکھیں گے

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مختلف حیلوں اور بہانوں سے پاکستان میں گذشتہ کئی دہائیوں سے شیعہ سنی مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے اور شیعہ سنی مسلمانوں کے مابین انتشار اور تفرقہ پیدا کرنے کی مذموم سازشیں کی جا رہی ہیں چونکہ اللہ کے نبی حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی ذات مقدس دنیا بھرکے مسلمانوں کے اتحاد کے لئے مرکزی نقطہ اور مرکزی محور ہے۔ اس لئے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اِن سازشوں کو ناکام کرنے کیلئے لازمی ہے کہ سنی شیعہ مسلمان اپنے فروعی اختلافات کو پست پشت ڈال کر ایک نقطہ پر متحد ہو جائیں۔ لہٰذا سنی شیعہ مسلمانوں کے خلاف جاری سازشوں کو ناکام کرنے کے لئے اِس بار مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی سطح پر ملک بھر میں نبی کریم حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی ولادت کی مناسبت سے 12 تا 17 ربیع الاوّل کے مبارک ایام کو ہفتہ وحدت کے عنوان سے سنی مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل کر بھرپور انداز میں منائے گی۔ اس بابت صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ 12 ربیع الاوّل کے جلوسوں اور پروگراموں کی فُل پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ پس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ میں بھی 12 ربیع الاوّل سے ہفتہ وحدت کے پروگراموں کا اعلان کرتی ہے۔

 

سنی مسلمانوں کے ساتھ مل کر پاکستان دشمن، اسلام دشمن، انسان دشمن، امن دشمن، تعلیم دشمن، نبی و آل نبی دشمن، میلاد دشمن اور عزاداری دشمن تکفیری گروہوں کے مذموم سازشوں کو خاک میں ملائے گی۔ بیان میں ایس ایس پی سی آئی ڈی کراچی چوہدری اسلم کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا گیا ہے۔ اِن کی شہادت کو ملک کے لئے ایک عظیم نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری اسلم جیسے بہادر آفیسروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانی چاہیئے اور صوبائی و وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے حوصلوں کو بلند رکھتے ہوئے ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں، وہاں بلاکسی امتیاز کے فوری طور پر آپریشن کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگو کے پاکستان دوست، امن دوست، اسلام دوست اور انسان دوست نویں جماعت کے نوعمر باہمت مجاہد اعتزاز حسن کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے 6 جنوری کو گورنمنٹ ہائی سکول ابراہیم زئی ہنگو میں خودکُش حملہ آور کے حملے کو ناکام بنایا اور سینکڑوں طلباء کی جانوں کو بچا کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ بہادر شہید مجاہد کے لئے پاک فوج کی طرف سے تمغہ شجاعت کے اعلان پر شہید کے والدین کو مبارک باد بھی پیش کی گئی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے سیکریٹری میڈیا سیل سید محمد جعفر رضوی کی اہلیہ اور شعبہ خواتین کے فعال رکن سیدہ سارا جعفر کی ناگہانی وفات پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی ،صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی،ڈویژنل رہنما علامہ مبشر حسن ،ڈویژنل رہنما علامہ علی انور جعفری، ڈویژنل سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی اورضلعی سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی نے جعفر رضو ی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی مغفرت اورجوار معصومین علیہ السلام میں جگہ کے حصول کی دعا کی ہے ۔

وحدت نیوز(کراچی) وطن عزیز کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں ایک امت بننا ہو گا، معاشرے میں اچھائی کے فروغ اور برائی کے تدارک کے لئے سیر ت پیغمبر اکرم ﷺ پر عمل پیرا ہو نا ہو گا، جب تک معاشرہ میں عدل و انصاف کا قیام یقینی نہیں ہوتادہشت گردی پر قابو پانا مشکل ہے، مجلس وحدت مسلمین کے تمام کارکنان جلوس عید میلاد البنی ﷺ میں بھر پو رشرکت کریں گے، شرکائے جلوس کے استقبال کے لئے کیمپ اور سبیلیں لگائی جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے وحدت ہاؤس کراچی میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔


ان کاکہناتھا کہ دہشت گردی ہمارے وطن عزیزکی جڑوں کو کھوکھلا کر نے میں مصروف ہیں ،عوام کی جان و مال دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے، حکمران ملک میں عدل و انصاف کے قیا م میں مسلسل ناکام نظر آتے ہیں ،معاشرتی بے تفاودگی کے خاتمے کیلئے سیر ت نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر عمل پیرا ہو نے کی ضرورت ہے ، امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یگانگت کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کھبی نہیں تھی، دشمنان اسلام امت مسلمہ کے درمیان موجود معمولی اختلافات کو ہوا دے کر اپنے مضموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے ۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما عالم کربلائی نے شرکائے اجلاس کو بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں جلوس عید میلاد البنی ﷺ کے دوران استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں لگائی جائیں گی،مرکزی استقبالیہ کیمپ نمائش چورنگی جب کے انچولی ،نارتھ کراچی ، عباس ٹاؤن ،گلشن اقبال، بھٹائی آباد، ملیر ، جعفر طیار سوسائٹی،کھوکراپار ،اسٹیل ٹاؤن ، کورنگی، لانڈھی برف خانہ ، شاہ فیصل کالونی، پہلوان گوٹھ اور دیگر علاقوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں بھی لگائی جائیں گی ۔

وحدت نیوز(گلگت) عالم مبارز، شب زندہ دار، جرّی اور جملہ کمالات کے مالک، گلگت بلتستان کے ہر دلعزیز شخصیت علامہ سید ضیاءالدین رضوی کی نویں برسی کے موقع پر بلتستان کے علماء کی نمائندگی کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل آغا سید علی رضوی نے کہا کہ ایک منظّم سازش کے تحت گلگت اور بلتستان کو الگ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں لسانی تعصبات کو ہوا دی جا رہی ہے۔ گلگت و بلتستان یک جان دو قالب کی مانند ہیں۔ اب گلگت و بلتستان کے عوام مل کر سیاسی جدوجہد اور حقوق کیلئے مل کر جنگ کرنے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ آج سے گلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں صوبہ بنانے کے لئے مل کر جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں میں کرپشن اور اقرباپروری کو فروغ دینے کے لئے بدامنی پیدا کی جا رہی ہے۔ گلگت بلتستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے بلا رنگ و نسل اور مذہب ایک ہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ شیعہ اور سنی کے درمیان تفرقہ ڈالنے اور گلگت بلتستان کی امن کو سبوتاژ کرنے والی قوتوں کو ختم کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔

 

آغا علی رضوی نے کہا کہ یوں تو گلگت بلتستان کے تمام سرکاری محکموں میں کرپشن اور اقرباپروری عروج ہے، لیکن کیا کہنا محکمہ تعلیم کا جہاں قوم کی نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاتا ہے، محکمہ تعلیم ہی کسی قوم کی کامیابی اور ناکامی کی ضمانت ہے۔ مگر نااہل، عاقبت نااندیش حکمرانوں نے محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کو تباہ کیا ہوا ہے۔ ہم محکمہ تعلیم میں جاری بدعنوانیوں کے خلاف انکوائری کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں محکمہ تعلیم میں تعلیم کا جنازہ جس طرح نکالا جا رہا ہے وہ دنیا ہے سامنے ہے اور تربیت بھی تعلیم کے ساتھ ساتھ لازمی ہے۔ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں نام نہاد تعلیمی ماہرین تعلیم کو کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں جو غیر اخلاقی اور فحش و بے غیرتی کی تقریبات رکھی جاتی ہیں، وہ بھی قوم و ملت کے لیے ناسور ہے۔ عجیب ہے ہمارے تعلیمی اداروں میں رقص و فحش کی محفلوں کے لیے وسائل بھی ہیں اور اجازت بھی، مگر یوم حسین (ع) پر پابندی عائد کر کے نہیں معلوم ہماری انتظامیہ اور تعلیمی ادارے کے سربراہ کس کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔

 

انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ قیام امن کے لئے تکفیری گروہ اور آغا سید ضیاءالدین کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔ شیعہ سنی کے درمیان تفرقہ اور امن کو سبوتاژ کرنے والی قوتوں کو ختم کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔ زمانہ اب تبدیل ہوچکا ہے، نوجوانوں کے اندر تعلیم کے ساتھ انقلابی فکر اور جدوجہد بھی ضروری ہے۔

وحدت نیوز(مشہد مقدس) آج پاکستان تاریخ کے نازک تریں دور سے گذر رہا ہے،اندرونی اور بیرونی دشمن نے پاکستان کے ساتھ فیصلہ کن جنگ شروع کر رکھی ہے اور یہ جنگ فیصلہ کن مر حلہ پر ہے لیکن بد قسمتی سے ہمارے نااہل اور نالائق حکمران اور کریپٹ سیاستدان ابھی تک فیصلہ نہیں کر پائے کہ پاکستان کا دفاع کس طرح کیا جائے۔ان خیالات  کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے  اپنے ایک بیان میں کیادھشت گرد صرف  دھشت گرد ہی نہیں علی الاعلان آْئین پاکستان کے مخالف ہیں،مساجد ،امام بارگاہیں،اسکول ،ہسپتال ،پولیس ،آرمی  غرض کوئی بھی ان کے شر سے محفوظ نہیں  ،ستم ظریفی یہ ہے  کہ ملک کے پارلیمینٹ کے اندر بیٹھ کر کچھ نا  فہم ملاں  دھشت گردوں کی حمایت اور پاکستانی افواج کے خلاف  بک رہے ہیں لیکن کو ئی ان غداروں کو لگام دینے والا نہیں ہے۔قرآن و سنت اور آئین پاکستان میں ان کا حکم واضح ہے  یہ لوگ مفسد فی الارض بھی ہیں اور غدار بھی ہیں اور کے ساتھ مذاکرات نہیں بلکہ ان کے  منحوس اور ناپاک  وجود سے اس مملکت خداداد کے مکینوں کو نجات  دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور یہی پوری ملت کی آرزو ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) شہید اسلام و قرآن، داعی اتحاد بین المسلمین اور گلگت بلتستان کے لاکھوں عوام کے ہر دلعزیز راہنما شہید ولایت علامہ سید ضیاءالدین رضوی اور انکے باوفا جانثاروں کی نویں برسی کے سلسلے میں مرکزی اجتماع مرقد شہید، بمقام مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں "سوگواران ملت تشیع" کے عنوان سے منعقد ہوا۔ اجتماع میں علاقہ بھر سے ہزاروں کی تعداد میں شہید کے پیروکاروں کے علاوہ کثیر تعداد میں خانوادہ شہداء ملت جعفریہ اور علماء کرام نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر اپنے خطاب میں امام جمعہ والجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت علامہ سید راحت حسین الحسینی، صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی ، ڈویژنل سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان علامہ سید علی رضوی اور دیگر علماء کرام و مقررین نے شہید رضوی (رہ) کی ہمہ جہت شخصیت اور انکی شجاع قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید ضیاءالدین رضوی (رہ) کے مشن کی تکمیل اور انکی فکر کی ترویج و احیاء کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ اس موقع پر علامہ سید راحت حسین الحسینی نے ملت جعفریہ کے تمام مسائل کا حل داخلی اتحاد میں مضمر قرار دیتے ہوئے تمام علماء کرام اور تنظیموں کو دعوت اتحاد دی۔ برسی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جبکہ مختلف تنظیموں اور اداروں کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین نے 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کارکنوں کو اہلسنت کے عید میلاد النبی کے جلوسوں اور میلاد کی محافل میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ''اسلام ٹائمز'' سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین جسیا کہ ہماری جماعت کے نام سے واضح ہے کہ ہم مسلمین کی وحدت کے لئے کام کر رہے ہیں اسی مقصد کے پیش نظر ہم نے پاکستان بھر کے شیعہ اور سنی حضرات میں وحدت کو فروغ دیا ہے اور اس حوالے سے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور شیعہ اور سنی ایک دوسرے کے بہت قریب ہو گئے۔

 

انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر تفرقہ بازی کو فروغ دے رہی ہیں اور اس حوالے سے ایک تکفیری گروہ کو خصوصی طور پر ہدف دیا گیا ہے جو اہلسنت کا نام استعمال کر کے شہریوں کو بالعموم اور اہلسنت کا بالخصوص گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک اور سنی اتحاد کونسل نے ان تکفیریوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا کہ وہ اہلسنت کا نام استعمال نہ کریں کیونکہ ان کے اس فعل سے سادہ لوح اہلسنت ان کی باتوں میں آ جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کہا کہ تکفیریوں کا اہلسنت سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔

 

علامہ اسدی نے پنجاب بھر کے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اہلسنت بھائیوں کےساتھ میلاد کے جلوسوں میں شریک ہوں اور 12 سے 17 ربیع الاول تک میلاد کی محافل کا انعقاد کریں اور ان میں اہلسنت علما اور عوام کو مدعو کریں اور اس طرح وحدت کو فروغ دے کر اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازشوں کو ملیا میٹ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کے پلیٹ فارم سے بھی ایک کانفرنس کرانے پر غور کیا جا رہا ہے جس میں تمام عالم اسلام کے مکاتب فکر کو شرکت کی دعوت دی جائے گی اور یہ کانفرنس اسلام دشمن قوتوں کےلئے ان کے ناپاک عزائم مٹی میں ملانے کےلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree